Saira Ghaffar
2 min readDec 9, 2022

--

Photo by Alfred Schrock on Unsplash

وہ جو رنگ برنگی تتلی ہے ناں

وہ جو رنگ برنگی تتلی ہے ناں
اسے اڑنے دو
دور گگن میں
کسی باغ کی اونچی ٹہنی تک
کسی باز کے جھپٹے میں آتے ہوئے غوطہ کھانے تک
اسے اڑنے دو
اسے اپنے پنکھ پھیلا کر
ہوا میں چھپی خوشبو محسوس کرنے دو
اسے کسی پھول کا رس چوس کر
دل بھرنے تک
جھومنے دو
وہ جو رنگ برنگی تتلی ہے ناں
اسے اڑنے دو
اسے بے خوف رہنے دو
رنگ اڑنے کے خوف سے آزادی دے دو
اسے جینے دو
زندہ رہنے دو
اسے اپنی مرضی کر لینے دو
اسے کہہ دو
تم جہاں جانا چاہو آزاد ہو
جائو جی لو اپنی زندگی
جائو اپنے رنگوں سے جہان کو رنگ دو
جائو اپنی مرضی کا آسمان چن لو
جائو اپنی خوشی کی روشنی سے جہان کو روشن کردو
وہ جو رنگ برنگی تتلی ہے ناں
اسے اڑنے دو
اسے اڑنے دو جہاں تک وہ چاہے
اسے اڑنے دو جب تک اس کا دل چاہے
اسے بتائو کہ آسمان تمہارا ہے
سارا جہان تمہارا ہے
اسے کہو کہ اڑتی جائو
جب تک تھک نہ جائو
جتنی اونچائیوں کو چھو سکتی ہو
چھو کے آئو
ہم یہیں سے دیکھیں گے
تمہیں اڑتا ہوا
اونچائی چھوتا ہوا
تمہارے کرتب محسوس کریں گے
تمہارے ساتھ ہمیشہ رہیں گے
وہ جو رنگ برنگی تتلی ہے ناں اسے اڑنے دو
#butterfly

#urdu

#poem

#urduwriter

--

--